ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / انکولہ : بس میں سفر کے وقت ’مرغی‘ کا ٹکٹ نہ خریدنے پر جرمانہ

انکولہ : بس میں سفر کے وقت ’مرغی‘ کا ٹکٹ نہ خریدنے پر جرمانہ

Sun, 04 Nov 2018 21:45:31    S.O. News Service

انکولہ4؍نومبر (ایس او نیوز) انکولہ کے دیہی علاقے سے آگسور سے شہر کی طرف آنے والے کرناٹکا اسٹیٹ روڈ ٹرانسپورٹ کے بس میں سفر کے دوران ایک مسافر کے پاس مرغی تھی۔ اچانک بس روک کر ٹکٹ چیکنگ کے لئے آنے والے انسپکٹر نے جب مسافر سے پوچھا کہ تم نے مرغی کے لئے ٹکٹ نہیں خریداتو وہ ہکّا بکّا رہ گیا۔

اچانک دھاوا بولتے ہوئے نگرانی کرنے والے افسران نے ایک طرف کنڈکٹر پرنظر رکھی تو دوسری طرف مسافروں کے پاس ٹکٹ چیک کرنے لگے ۔ اس دوران ایک افسر نے دیکھا کہ ایک مسافر کی تھیلی میں مرغی رکھی ہوئی ہے ،تو اس نے رعب دار آواز سے پوچھا کہ مرغی کے لئے ٹکٹ کیوں نہیں خریدا۔ مسافر نے حیران ہوکر پوچھا کہ صاحب کیا مرغی کے لئے بھی ٹکٹ خریدنا ہوگا۔ کنڈکٹر نے مداخلت کرتے ہوئے کہا کہ پلیز سر،جانے دیجئے ، چھوڑیئے بے چارے کو۔ لیکن آفیسر نے کنڈکٹر کی بات نظر انداز کرتے ہوئے مرغی کا ٹکٹ نہ خریدنے کے لئے نہ صرف مسافر پر جرمانہ عائد کیا بلکہ ٹکٹ نہ دینے کی پاداش میں کنڈکٹر پر بھی ضابطے کی کارروائی کردی۔

کہا جاتا ہے کہ نگرانی کرنے کے لئے جو افسران مقرر ہوتے ہیں ان پر بھی اعلیٰ افسران کا دباؤ رہتا ہے کہ کسی نہ کسی طرح مقررہ تعداد میں وقتاً فوقتاً معاملات درج کیے جانے چاہیے۔ لہٰذا نگراں ٹیم کے افسران معاملات درج کرنے کے مواقع ڈھونڈتے رہتے ہیں، اور نظر انداز کیے جانے لائق معاملات میں بھی کارروائی کرکے اپنا ریکارڈ درست کرلیتے ہیں۔انکولہ میں پیش آئے واقعے سے عوام کو اس بات کی آگاہی ہوگئی کہ بس میں ٹکٹ کے دوران اگر ان کے پاس مرغی موجود ہے تو پھر اپنے ٹکٹ کے ساتھ مرغی کے لئے بھی آدھا ٹکٹ خریدنا کے ایس آر ٹی سی قانون کے مطابق لازمی ہے۔


Share: