کانپور،28؍اپریل(ایس او نیوز؍ایجنسی) انتخابی ریلیوں کی سرگرمی کے درمیان راہل گاندھی اور پرینکا گاندھی کی اچانک کانپور کے ایئر پورٹ پر ملاقات ہوگئی جس میں وہ دونوں خوشگوار انداز میں نظر آئے۔ راہل گاندھی نے ان لمحات کو اپنے فیس بک پیج سے لائیو پیش کیا، جس میں وہ پرینکا سے ہنسی مذاق کرتے ہوئے نظر آئے۔ اس ویڈیو میں راہل گاندھی اپنی بہن پرینکا کے کاندھے پر ہاتھ رکھ کر چل رہے ہیں۔ اس دوران راہل گاندھی نے بہن پرینکا کو طنز و مزاح میں اچھا بھائی ہونے کا مطلب سمجھایا۔راہل گاندھی نے فیس بک لائیو کے دوران اچھے بھائی ہونے کا مطلب سمجھاتے ہوئے کہا، ”میں آپ کو بتاتا ہوں کہ اچھا بھائی ہونے کے لئے کیا کرنا پڑتا ہے۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ میں طویل سفر پر رہتا ہوں اور ایک چھوٹے سے ہیلی کاپٹر سے جاتا ہوں لیکن پرینکا چھوٹے چھوٹے سفر طے کرتی ہیں لیکن ایک بڑے ہیلی کاپٹر میں چلتی ہیں لیکن میں اس سے بہت پیار کرتا ہوں۔“ دریں اثنا پرینکا گاندھی نے ہنستے ہوئے کہا کہ راہل گاندھی جھوٹ بول رہے ہیں۔ اس ویڈیو کو فیس بک پر پہلے ایک گھنٹے کے دوران تقریباً 3 لاکھ 22 ہزار لوگوں نے دیکھا۔