ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / احمد آباد: کپڑا گودام میں آتشزدگی کے بعد زبردست دھماکہ، 9 افراد جاں بحق، متعدد زخمی

احمد آباد: کپڑا گودام میں آتشزدگی کے بعد زبردست دھماکہ، 9 افراد جاں بحق، متعدد زخمی

Wed, 04 Nov 2020 23:35:24    S.O. News Service

احمد آباد،4؍نومبر(ایس او نیوز؍ایجنسی) گجرات کے احمد آباد میں آج دوپہر ایک کپڑے کے گودام میں زبردست آگ لگ گئی، جس کے بعد بلڈنگ میں ایک زوردار دھماکہ ہوا۔ اس دھماکہ کی وجہ سے عمارت کی چھت منہدم ہو گئی۔ اس حادثہ میں 9 لوگوں کی موت ہو گئی ہے جب کہ دیگر 8 لوگ سنگین طور پر زخمی ہوئے ہیں۔ اندیشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ اب بھی کچھ لوگ ملبہ میں دبے ہوئے ہیں۔

موقع پر موجود دمکل محکمہ کے افسر جیش کھادیا نے بتایا کہ ملبہ میں سے 12 لوگوں کو باہر نکال کر ایل جی اسپتال بھیجا گیا ہے۔ اسپتال نے بھی ایک بیان جاری کیا ہے جس میں بتایا ہے کہ 12 زخمیوں میں سے چار کو وہاں لاتے ہی مردہ قرار دے دیا گیا تھا جب کہ 4 کی موت بعد میں علاج کے دوران ہوئی۔ دیگر زخمیوں کا علاج جاری ہے۔

بتایا جاتا ہے کہ یہ حادثہ پرانا-پپلاج روڈ پر نانوکاکا اسٹیٹ واقع عمارت میں ہوا ہے۔ آگ بجھانے کے لیے دمکل کی کئی گاڑیاں موقع پر لگی ہوئی ہیں۔ راحت اور بچاؤ کام زور و شور سے جاری ہے۔ ملبہ میں دبے ہوئے لوگوں کو نکالنے کا کام جاری ہے۔ انتظامیہ کے اعلیٰ افسر موقع پر پہنچ گئے ہیں۔ اس درمیان انتظامیہ نے 9 لوگوں کی موت کی تصدیق کر دی ہے۔

حادثہ کے اسباب کے بارے میں کچھ لوگوں کا کہنا ہے کہ کپڑا گودام کے بغل میں ایک بائیلر میں دھماکہ کے سبب یہ آگ لگی ہے۔ حادثہ کے اسباب کا پتہ لگانے کے لیے انتظامیہ نے جانچ شروع کر دیا ہے۔ اس حادثہ میں زبردست مالی نقصان کی بات کہی جا رہی ہے۔

 


Share: