ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / اترکنڑا کےساحلی علاقوں پرسیاحوں کا ہجوم:شاہراہ پر گاڑیوں کی بھرمار ؛رہائشی مقامات فل ہونے کی وجہ سے سیاح بس اسٹینڈ وں پر ہی کررہے ہیں قیام

اترکنڑا کےساحلی علاقوں پرسیاحوں کا ہجوم:شاہراہ پر گاڑیوں کی بھرمار ؛رہائشی مقامات فل ہونے کی وجہ سے سیاح بس اسٹینڈ وں پر ہی کررہے ہیں قیام

Tue, 26 Dec 2023 18:19:38    S.O. News Service

بھٹکل:26؍دسمبر(ایس اؤ نیوز ) کرسمس اور نئے سال کے جشن کے پیش نظر اترکنڑا ضلع کے ساحلی علاقوں سمیت سیاحتی مقامات پر سیاحوں کی بھرمار ہے۔ لگاتار تین دن چھٹی  نے عوام کو سیاحت کا لطف لینے کا موقع فراہم کیا ہے تو عوام کی بڑی تعداد سیاحتی مقامات پر تفریح کرتے نظر آرہے ہیں، وہیں دوسری طرف کووڈ وبا کا خوف بھی پایا جارہا ہے۔

کرسمس اور نئے سال کے جشن کو لےکر ساحلی علاقوں پر سیاحت کے لئے آنے والوں کی بھیڑ دیکھی جارہی ہے۔ عام طورپر کرسمس کے موقع پر چھٹی ہونے کی وجہ سے والدین بچوں کے ساتھ کہیں سفر کرنےکا ارادہ رکھتے ہیں۔ سیاح ساحلی علاقوں میں آنے کے لئے اس لئے بھی دلچسپی رکھتے ہیں کہ یہاں مذہبی مقامات کے ساتھ، سمندری کناروں کا مزہ لینے کا بھی موقع ملتا ہے۔ خصوصی طور پر کرناٹک کے مختلف اضلاع سمیت مہاراشٹرا، تمل ناڈو، آندھرا پردیش، گجرات وغیرہ سے ہزارو ں کی تعداد میں سیاح ساحلی علاقوں کا رخ کررہے ہیں۔

سیاحوں کے اضافہ کےلئے ایک سبب یہ بھی بتایا جارہاہے کہ حالیہ دنوں میں کووڈ کے ذیلی وائرس جے این -1کے مریضوں میں اضافہ دیکھا جارہاہے لیکن فی الحال ریاستی حکومت نے اس سلسلےمیں کسی قسم کی پابندیاں عائد نہیں کی ہیں البتہ حالات یوں ہی جاری رہے تو پابندیاں عائد کرنےکاخدشہ ہے۔ ان حالات میں سیاحت پر روک لگنےکا خوف ہر کسی کو ستارہاہے یہی وجہ ہے کہ پابندیا لگنے سے پہلے ہی لوگ کرسمس اور نئےسال کے جشن کےبہانےعوام سیاحت پر نکل پڑے ہیں۔ ہر مقام پر ہوٹل، ریسٹورنٹ، لاڈج فُل ہوگئےہیں۔ پرائیویٹ بسوں کے کرایہ میں بھی اضافہ کیاگیا ہے۔

ذرائع کی مانیں تو 20ڈسمبر سے جنوری کے پہلے ہفتہ تک اکثر ہوٹل، لاڈج، ریسارٹ، ہوم اسٹے اور سروس اپارٹمنٹ ، ساحل پر واقع مہمان خانے سمیت سب کے سب ریزرو ہوچکے ہیں۔ کووڈ کے بعد سیاحت آہستہ آہستہ پٹری پر آرہی تھی، سال گذشتہ ڈسمبر میں بھی کافی اضافہ دیکھاگیا تھا۔ امسال اس سے کہیں زیادہ نظارے دیکھنے کو مل رہے ہیں، ساحل پر واقع سبزہ زار ،سیاحتی  اور موہ لینے والے مراکز عوام کےلئے زیادہ رغبت پیدا کرتےہیں۔

پابندیاں عائد ہونےکے امکانات:ریاستی حکومت گرچہ فی الحال کسی طرح کی کووڈ کے متعلق پابندیاں عائد کرنے سےانکار کررہی ہے۔ لیکن حالات بدلنےلگیں تو طبی نظام پر دباؤ زیادہ ہونے سے کووڈ پرروک لگانے کےلئے پابندیاں عائد کرنا مجبوری ہوجاتی ہے۔عوام  ملے ہوئے مواقع کو غنیمت جانتےہوئےلطف اٹھانے کی جلدی میں نظر آرہےہیں۔


Share: