ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / اترکنڑا ضلع کے سرحدپر واقع چک پوسٹ پر کووڈ جانچ کی شروعات : ضلع میں داخل ہونے والوں کے لئے نگیٹیو رپورٹ لازمی : ضلع پنچایت سی ای اؤ پریانگا

اترکنڑا ضلع کے سرحدپر واقع چک پوسٹ پر کووڈ جانچ کی شروعات : ضلع میں داخل ہونے والوں کے لئے نگیٹیو رپورٹ لازمی : ضلع پنچایت سی ای اؤ پریانگا

Wed, 17 Mar 2021 19:25:34    S.O. News Service

کاروار:17؍مارچ  (ایس اؤ نیوز)مہاراشٹرا اور کیرلا سے اترکنڑا ضلع میں داخل ہونےو الوں کو آرٹی ٹی پی سی آر ٹسٹ کی 72 گھنٹوں  کے اندر  لی ہوئی نگیٹیو رپورٹ لانالازمی ہوگا۔ ضلع کی سرحدوں پر واقع چک پوسٹ پر جانچ شروع ہوچکی ہے۔ اس بات کی جانکاری ضلع پنچایت کی سی ای اؤ پریانگاایم نے دی۔

ضلع پنچایت کی عام میٹنگ میں سی ای اؤ نے جانکاری دیتے ہوئے کہاکہ پڑوسی ریاستوں میں کووڈ معاملات میں اضافہ ہورہاہے۔ اسی لئے ضلع کے سرحدپر سخت جانچ کرنےکی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔ ضلع کو آنے والے دونوں ریاستوں کے سیاح اگر جانچ نہیں کرائے ہیں تو انہیں ہمارے ضلع میں ٹسٹ کروانے کی ہدایت دی جارہی ہے۔ کاروار کے ماجالی ، جوئیڈا کے انموڑچک پوسٹ پر اور بھٹکل کی سرحد پر پولس اور صحت عامہ محکمہ جات کا عملہ نامزد کیا جاچکا ہے۔ اسی طرح رپورٹ پوزیٹیو آنے پر ہوم کوارنٹائن یا کوارنٹائن کا انتظام بھی دوبارہ شروع کیا جارہا ہے ۔

ضلع پنچایت کی چیف ایگزیکٹو آفیسر پریانگا نے بتایا کہ ریاستی وزیر اعلیٰ بی ایس یڈیورپا نے ریاست کے سبھی ڈپٹی کمشنروں اور ضلع پنچایت سی ای اؤ کے ساتھ وڈیوکانفرنس کے ذریعے ہدایات دی ہیں جس کے تحت کووڈ کی دوسری لہر روکنے کےلئے احتیاطی اقدامات اٹھائے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسی کو لے کر گوا کی سرحد پر ، مرڈیشوراور گوکرن میں مہاراشٹرا اور کیرلا سے آنے والوں کی جانچ کی جارہی ہے۔ البتہ سیاحوں کو ضلع میں داخل ہونے کے لئے کوئی رکاوٹ پیدا نہیں کی جارہی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ضلع میں ہرروز 1200کووڈ ٹسٹ کئے جارہےہیں۔ ضلع میں ضرورت کےمطابق انجکشن موجود ہیں۔15ہزارلوگ اب تک کویڈ ویکسین لے چکے ہیں اور بھی لوگوں کو ویکسین دینےکےلئے مہم کو تیز کیاجارہاہے۔ خصوصی گرام سبھاؤں کا اہتمام کرتے ہوئے عوام میں ویکسین کے متعلق بیداری پیدا کی جارہی ہے۔ ضلع کے سبھی 82پرائمری ہیلتھ سنٹروں میں کہیں سے بھی ویکسین لیا جاسکتا ہے ۔ 


Share: