ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / اترکنڑا ضلع نگراں کار وزیر منکال وئیدیا کا بھٹکل سرکاری اسپتال دورہ : اسپتال کی ترقی کےلئے ہر طرح کی سہولیات فراہم کرنے کا تیقن

اترکنڑا ضلع نگراں کار وزیر منکال وئیدیا کا بھٹکل سرکاری اسپتال دورہ : اسپتال کی ترقی کےلئے ہر طرح کی سہولیات فراہم کرنے کا تیقن

Fri, 09 Jun 2023 20:57:21    S.O. News Service

بھٹکل: 10؍جون(ایس اؤ نیوز ) اسپتال میں  مریضوں کے بہتر علاج اور اسپتال کی ترقی کے لئے ہر طرح کی سہولیات فراہم کرنا میری ذمہ داری ہے، لیکن سرکاری اسپتال  کے ڈاکٹروں کی بھی  ذمہ داری ہے کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ  اسپتال میں  علاج کےلئے آنے والے  کسی بھی مریض کو کسی بھی طرح کی    تکلیف یا پریشانی کا سامنا نہ کرنے پڑے۔   ان  خیالات کا اظہار  ضلع انچارج اور وزیر برائے ماہی گیری ، بندرگاہ و بری نقل و حمل  منکال وئیدیا نےکیا۔

وہ یہاں بھٹکل تعلقہ سرکاری اسپتال کا دورہ کرنے کے بعد منعقدہ جائزہ میٹنگ میں بات کررہے تھے۔ وزیر موصوف نےکہاکہ میرے دور میں سرکاری اسپتال کی سہولیات میں کسی طرح کی کوئی کمی ہونےنہیں دونگا۔ اسپتال کی ترقی کےلئے کیاکیا چاہئے اور کیا کیا کرنا ہے وہ سب کرنے کا انہوں نےتیقن دیا۔ انہوں نے سرکاری اسپتال کے ڈاکٹروں کی ستائش کرتےہوئے کہاکہ بھٹکل کے سرکاری اسپتال میں عوامی ہجوم نظر آتا ہے تو اس کا مطلب یہی ہےکہ یہاں کے ڈاکٹر مریضوں کا بہتر علاج کرتےہیں، میں ڈاکٹروں سے اپیل کرتاہوں کہ وہ اسی طرح عوامی خدمات کو انجام دیں ۔

بارش کے موسم میں راستہ کناروں پر پانی جمع نہ  ہونے  پائے، اندرونی نالیاں بند (بلاک ) نہ ہوں۔  اس کے لئے پیشگی تیاریاں کی جائیں۔ عوام  سمیت طلبہ و طالبات  کو کسی طرح کی کوئی تکلیف یا پریشانی نہ ہونے پائے۔ ان سب پر بھی کڑی نگرانی رکھی  جائے ۔ ان باتوں کو لے کر  ضلع انچارج اور وزیر برائے ماہی گیری ، بندرگاہ و بری نقل و حمل  منکال وئیدیا نے متعلقہ پنچایتوں کے پی ڈی اؤ کو ہدایات جاری کی ہیں۔

غریب مریضوں کی دوائی کےمتعلق بات کرتےہوئے منکال وئیدیا نےکہاکہ کسی بھی غریب مریض کو باہر سے دوائی لانے کی نوبت نہیں آنی چاہئے۔ اسپتال کےلئے جو کچھ بھی چاہئے وہ سب سرکاری امداد سے پوری کی جائے گی۔ اس موقع پر انہوں نے وہاں موجود ڈی ایس پی شری کانت کے کو ہدایت دی کہ اسپتال کی سکیورٹی کےلئے پولس اہلکار کوتعینات کریں۔

میٹنگ میں موجود عوام نے  اپنے اپنے  خیالات کا اظہا ر کرتےہوئےکہاکہ بھٹکل سرکاری اسپتال میں سبھی طرح کی سہولیات موجود ہیں، یہاں  کے ڈاکٹر بہترین خدمات انجام دے رہے ہیں۔ لیکن اسپتال کو  سٹی اسکین  مشین کی ضرورت ہے، اسی طرح اسپتال میں  سو بستر ہیں اور سو سے زائد داخل ہورہے ہیں، اس بنا پر اسپتال  میں مزید 50 بیڈ بڑھانے کی ضرورت ہے۔منکال وئیدیا نے  یقین دلایا کہ  ان سہولیات کو فراہم کرنے کے لئے فوری طور پر اقدامات کئے جائیں گے۔

مرڈیشور پرائمری ہیلتھ سینٹر کی ڈاکٹر پریا نے کہاکہ مرڈیشور اسپتال میں پانی کی قلت ہے، اس سلسلےمیں کئی مرتبہ افسروں کی توجہ مبذول کرائی گئی ہے، لیکن  کوئی کارروائی نہیں ہوئی۔ وزیر منکال وئیدیا نے وہیں پر موجود پنچایت پی ڈی اؤ کو حکم دیا کہ اسپتال میں پانی کی قلت دور کرنےکےلئے فوری طورپر بورویل کی کھدائی  کا کام شروع کرے۔ میٹنگ میں بھٹکل سرکاری اسپتال کی میڈیکل آفیسر ڈاکٹر سویتا کامت، تعلقہ پنچایت افسر پربھا کر چکن منے ، ڈی ایس پی شری کانت کے، تحصیلدار وغیرہ موجو دتھے۔

 اسپتال دورے کے  موقع پر سرکاری اسپتال کی طرف سے وزیر منکال وئیدیا کی تہنیت کی گئی ۔ جبکہ وزیر نے اینڈوسلفان مریضوں  کے درمیان وھیل چئیرس  تقسیم کی ۔


Share: