ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / اترکنڑا میں ایس ایس ایل سی کے122امتحانی مراکز ہونگے :مضافاتی علاقوں میں 100طلبا ہونے پر امتحانی مرکز کے قیام کا فیصلہ

اترکنڑا میں ایس ایس ایل سی کے122امتحانی مراکز ہونگے :مضافاتی علاقوں میں 100طلبا ہونے پر امتحانی مرکز کے قیام کا فیصلہ

Sat, 26 Jun 2021 20:18:46    S.O. News Service

کاروار:26؍جون(ایس اؤ نیوز)کورونا وباء کے دوران   ہی ایس ایس ایل سی کے امتحانات منعقد ہونگے۔ حکومت کی طرف سے نافذ کردہ گائیڈلائنس پر عمل آوری ضروری ہونےکی وجہ سے اترکنڑا ضلع کے دونوں تعلیمی اضلاع میں امسال زائد از  49 امتحانی مراکز بنائے جانے کا تعلیمات عامہ نے فیصلہ لیاہے۔ جس کے چلتے اس مرتبہ امتحانی مراکز کی تعداد 73سے 122ہوگئی ہے۔

کاروار تعلیمی ضلع میں 38کے بجائے 60امتحانی مراکز ہونگے تو  سرسی تعلیمی ضلع میں 35امتحانی مراکز میں مزید 27مراکز کو شامل کرتےہوئے 62امتحانی مراکز ہونگے۔ اگر مضافاتی علاقےمیں کہیں 100طلبا ہیں تو وہیں پر ایک نیا امتحانی سینٹر بنائے جانے  کا فیصلہ لیا گیا ہے۔ انکولہ تعلقہ کے ہِلُّور ، سنکسال ۔ سرسی تعلقہ کے بنڈل ، دیون ہلی میں امتحانی مراکز بنائے جائیں گے۔ نئے ایگزام سنٹر بنائےجانے سے طلبا کو امتحان دینےمیں سہولت ہوگی۔

خیال رہےکہ اس مرتبہ اترکنڑا ضلع سے کل 20285طلبا و طالبات ایس ایس ایل سی امتحانات لکھیں گے۔ جس میں سرسی تعلیمی ضلع میں 10033اور کاروار تعلیمی  ضلع  میں 10252طلبا و طالبات شامل ہیں۔

سرسی تعلیمی ضلع کے ڈپٹی ڈائرکٹر  دیواکر شٹی نے بتایا کہ کوروناوباء کے دوران  15جون سے اساتذہ ہائی اسکول پہنچ کر ایس ایس ایل سی کے نئے امتحانی طریقہ کار کو سمجھانےمیں مصروف ہیں۔ سرسی تعلیمی ضلع میں ترغیبی کیمپوں کا انعقاد کرتےہوئے پچھلی کلاسوں میں  90فی صد نمبرات حاصل کرنے والے  طلبا کو 100فی صد نمبرات حاصل کرنےکی تربیت دیتےہوئے انہیں مضامین پر مختلف مشق کرایا جارہا ہے۔

اسی طرح کاروار تعلیمی ضلع کے ڈپٹی ڈائرکٹر  ہریش گاونکر نے بتایا کہ امتحان میں شریک ہونےو الے طلبا کی صحت کا خاص خیال رکھا جارہاہے۔ طلبا کو N-95ماسک دیا جائے گا۔ امتحانی کمروں کا  سینی ٹائزیشن کیا جارہاہے۔ تاکہ طلبا بلا خوف و خطر امتحان میں شریک ہوسکیں۔ طلبا کے لئے ہر طرح کی سہولیات بہم پہنچانے کے متعلق محکمہ سرگرم ہے۔

ہریش گاؤنکر نے بتایا کہ دوردرشن کے چندن ٹی وی پر طلبا کے لئے ای۔کلیکا کلاسوں کا اہتمام کیا جارہاہے۔ چونکہ سبھی طلبا کو ٹی وی میسر نہیں ہے اس لئے ایسے طلبا کی سہولت کے لئے دیہی مراکز یا عوامی ہال میں ٹی وی نصب کرتےہوئے انہیں تربیت دئیے جانےکے متعلق غور کیاجارہاہے۔


Share: