ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / اترپردیش الیکشن کا پانچوا ں مرحلہ مکمل، 53.98فیصد پولنگ۔ 2017ء کے مقابلے پولنگ میں4.5فیصد کی کمی

اترپردیش الیکشن کا پانچوا ں مرحلہ مکمل، 53.98فیصد پولنگ۔ 2017ء کے مقابلے پولنگ میں4.5فیصد کی کمی

Mon, 28 Feb 2022 10:37:46    S.O. News Service

لکھنؤ، 28؍فرور ی (ایس او نیوز؍ایجنسی) یو پی میں اتوار کو ریاستی  الیکشن  کے 5 ویں مرحلے میں12 اضلاع کی 61 اسمبلی سیٹوں پر شام 5بجے تک 53.98فیصد پولنگ درج کی گئی ہے جو 2017ء کے الیکشن  کے مقابلے میں  4.5فیصد کم ہے۔ یہاں ووٹنگ کا سلسلہ  صبح 7بجے شروع ہوا اور شام 6 بجے تک جاری رہا۔   اتر پردیش  کے وسطی اور اودھ  کے جس خطے میں اتوار کو ووٹنگ ہوئی اسے بی جےپی  کے دبدبے والا علاقہ سمجھا جاتاہے۔ یہاں بھی ووٹنگ فیصد میں کمی کی وجہ سے زعفرانی حلقوں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔ 

 الیکشن کے دوران سب کی نگاہیں ایودھیا پر مرکوز رہیں جو بی جےپی کو قومی پارٹی بنانے والی رام مندر تحریک کا مرکز تھا۔ یہاں سے بی جےپی کے  ایم ایل اے وی پی گپتا کو سماجوادی پارٹی کے  امیدوار پون پانڈے چیلنج دے رہے ہیں۔  پانڈے  نے 2012ء میں یہاں سے بی جےپی کے ۵؍ بار کے ایم ایل اے کو ہراکر تاریخ رقم کردی تھی۔  اسی طرح سنگم کی وجہ سے اکثریتی فرقے کیلئے مقدس شہر الہ آباد پر بھی سب کی نگاہیں مرکوز رہیں۔ بی جےپی کیلئے یہ مرحلہ اس لئے اہمیت کا حامل ہے کہ اس مرحلے میں جن  ۶۱؍ اسمبلی سیٹوں پر پولنگ ہوئی ان میں سے ۵۰؍ سیٹیں ۲۰۱۷ء میں بی جےپی نے جیتی تھیں۔ اب ان ہی نشستوں پر اسے  سماجوادی پارٹی  کے سخت مقابلے کا سامنا ہے۔  اس مرحلے میں بی جےپی نے جہاں مافیا اور جرائم پیشہ افراد کے خلاف اپنی کارروائی کو انتخابی موضوع بنایا تو دوسری جانب اپوزیشن نے آوارہ مویشیوں  کے موضوع پر اسے آڑے ہاتھوں لیا۔ اس  کے ساتھ  ہی بے روزگاری اور عوامی پریشانیوں پر بی جےپی کو سوالات کا سامنا رہا۔ اتوار کو جن اضلاع میں پولنگ ہوئی ان میں  سلطان پور، چتر کوٹ، پرتاپ گڑھ، کوشمبی، الہ آباد، بارہ بنکی، بہرائچ، شراوستی اور گونڈہ شامل ہیں ۔ 


Share: