ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / آر ایس ایس نے بنایا 2025 تک اتر پردیش کے ہر گاؤں تک پہنچنے کا منصوبہ

آر ایس ایس نے بنایا 2025 تک اتر پردیش کے ہر گاؤں تک پہنچنے کا منصوبہ

Tue, 22 Mar 2022 12:02:27    S.O. News Service

لکھنؤ،22؍ مارچ (ایس او نیوز؍ایجنسی) راشٹریہ سویم سیوک سنگھ (آر ایس ایس) نے  2025 تک ریاست اُترپردیش  کے تمام گاؤں تک پہنچنے کا منصوبہ بنایا ہے  اور کہا ہے کہ وہ  بے روزگاری کے مسئلہ کو حل کرنے میں حکومت کی مدد کرے گا۔  آر ایس ایس کے ایک سینئر کارکن اشوک دوبے نے بتایا کہ تمام دیہاتوں میں آر ایس ایس کی  'شاخیں' کھولنے کا منصوبہ بنایا گیا ہے اور یہ کام  2024 تک مکمل ہو گا۔

 یاد رہے کہ  لوک سبھا انتخابات 2024 میں ہونے والے ہیں جبکہ آر ایس ایس 2025 میں 100 سال مکمل کر لے گی۔ اشوک دوبے کے مطابق آر ایس ایس کی دیہی توسیعی اسکیم لوک سبھا انتخابات سے پہلے بی جے پی کو اچھی پوزیشن میں لے آئے گی۔

آر ایس ایس کے سربراہ موہن بھاگوت اس وقت اتر پردیش میں ہیں۔ انہوں نے گورکھپور کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ سے ملاقات کی۔ گورکھپور کے بعد بھاگوت وزیر اعظم نریندر مودی کے لوک سبھا حلقہ وارانسی کا دورہ کرنے والے ہیں۔ دیہی علاقوں میں 'شاخوں' کے قیام کے علاوہ، آر ایس ایس کے کارکن نے کہا کہ سنگھ کے کارکنان ذات پات سے پاک معاشرے کی ضرورت پر بھی بات کریں گے۔ ذات پات سے پاک سماج کی مہم آر ایس ایس کے دیرینہ نظریے کا حصہ ہے جس کے لیے ہندوؤں کو ایک ہم خیال پارٹی کو ووٹ دینے کے لیے متحد کرنا ہے۔

اشوک دوبے نے کہا کہ اودھ صوبے میں، جس کے 13 اضلاع ہیں، تقریباً 2,200 شاخیں کھولنے کا اہتمام کیا جا رہا ہے، جن میں ہفتہ وار 'مِلن' (ملاقات) اور ماہانہ 'منڈل' شاخیں لگانا شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 2017 سے جب ریاست میں بی جے پی کی حکومت بنی ہے، نوجوانوں نے سنگھ میں شامل ہونے میں کافی دلچسپی ظاہر کی ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ کئی جگہوں پر اسکول اور کالج جانے والے طلباء اب شاخوں کو سنبھال رہے ہیں۔


Share: