نئی دہلی،22؍مارچ (ایس او نیوز؍ایجنسی) راجیہ سبھا کے چیئرمین ایم وینکیا نائیڈو نے پانی کو زندگی کے لئے اہم ترین اور بیش قیمت قرار دیتے ہوئے پیر کے روز کہا کہ لوگوں کو آئندہ نسلوں کے لئے اس کا تحفظ کرنا چاہیے۔ وینکیا نائیڈو نے ایوان کی کارروائی شروع ہونے کے بعد کہا کہ آج پانی کا عالمی دن ہے جو پانی کے تحفظ کو بڑھاوا دینے کا عہد ظاہر کرتا ہے۔ انہوں نے بارش کے پانی کا تحفظ کیے جانے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پانی کو کسی بھی صورت میں برباد نہیں کیا جانا چاہیے۔
وینکیا نائیڈو نے ارکان پارلیمنٹ کو پانی کے تحفظ کو فروغ دینے اور اس کے تحفط کے لئے لوگوں میں بیداری پیدا کرنے کی اپیل کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ویدوں میں پانی کی اہمیت بیان کی گئی ہے۔ ندیوں اور تمام آبی ذرائع کا تحفظ ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں مسلسل آبادی بڑھ رہی ہے۔ دنیا کی آبادی کے 16 فیصد لوگ ہندوستان میں رہتے ہیں اور دنیا میں دستیاب پانی کا صرف چار فیصد حصہ ملک میں ہے۔
وینکیا نائیڈو نے پانی کے عالمی دن کے موقع پر سبھی لوگوں سے پانی کے تحفظ کا عہد کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ پانی کا بار بار جائز استعمال کیا جانا چاہیے، جس سے آنے والی نسلوں کو اس اہم وسیلے سے محروم نہ ہونا پڑے۔ انہوں نے کہا کہ لوگ اپنی زندگی میں پانی کی ضرورت پر غور کریں اور زندگی کے لئے ضروری اس محدود قدرتی وسیلے کے صحیح استعمال کا عزم کریں۔ آئندہ نسلوں کے لئے پانی کا تحفظ کریں، کیونکہ اس کا ہر قطرہ بیش قیمت ہے۔