بنگلورو، 20؍ اپریل (ایس او نیوز ) حجاب پر تنازعہ کے درمیان ایس ایس ایل سی کے امتحانات منعقد کرانے کے بعد کرناٹک حکومت ریاست میں 22 اپریل سے 18 مئی تک سکینڈ پی یو سی امتحانات منعقد کرنے کی تیاری کررہی ہے ۔
وزیر تعلیم بی سی ناگیش نے ایک اخباری کانفرنس سے خطاب کر تے ہوۓ بتایا کہ رواں سال اس امتحان کے لئے 684255 طلبا کا اندرج کرایا گیا ہے جس کے لئے 1076 امتحانی مراکز قائم کئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ امتحان کو صحیح طریقہ سے منعقد کرانے کے لئے وسیع تر انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں۔
ناگیش نے مزید بتایا کہ مجموعی طور پر 346936 لڑکے اور 337319 لڑکیاں امتحانات میں شریک ہوں گی ۔طلبا کے امتحان ہال کے اندر موبائل لے جانے پر پابندی عائد رہے گی ۔ محکمہ کی جانب سے تمام امتحانی مراکز میں پولیس کی سیکورٹی فراہم کرنے کا مطالبہ کیا گیاہے جبکہ امتحانی مراکز کے 200 میٹر کے دائرے میں امتناعی احکامات نافذ رہیں گے ۔
انہوں نے کہا کہ تمام اضلاع کے ڈی ڈی پی آئی سے کہا گیا ہے کہ وہ امتحان کی تیاریوں کی مسلسل نگرانی کر یں ۔ امتحان کے تمام مراکز اور جوا بی پرچوں کو جن مقامات پر رکھا جائے گا ان کی مسلسل سی سی ٹی وی نگرانی کروانے کا حکم دیا گیا ہے ۔ ہر امتحانی مرکز کے سربراہ کو موبائیل استعمال کرنے کی اجازت دی گئی ہے لیکن دیگر ایگزامنرس کو موبائیل استعمال کرنے کی بھی اجازت نہیں دی گئی ہے ۔رواں سال آرٹس شعبہ میں 228167 سائنس سے 210589 اور کامرس سے 245519 طلباء امتحان لکھ رہے ہیں ۔ 1076 امتحانی مراکز میں سب سے زیادہ بنگلوروساؤ تھ میں 83 قائم کئے گئے ہیں ۔ سب سے کم مراکز رام نگر ضلع میں 13 ہیں ۔
ناگیش نے کہا کہ پی یو سی امتحان کے لئے طلباء سرکاری بسوں میں اپنی ہا ل ٹکٹ دکھا کر اپنے گھروں سے امتحان کے مرکز تک مفت سفر کر سکتے ہیں۔