کاروار:4/اپریل (ایس او نیوز)ضلع میں اہل اپاہج رائے دہندگان کے لئے دو مرحلوں میں سروے کرتے ہوئے جانکاری حاصل کرلی گئی ہے، ایسے رائے دہندگان کو ووٹنگ کے لئے دعوت نامہ ارسال کیا جائے گا۔ اس بات کی اطلاع ضلع پنچایت کے چیف ایگزکیٹیو آفیسر ایل چندرشیکھر نایک نے دی۔
وہ یہاں کاروار کے رنگ مندر ہال میں منعقدہ خصوصی اپاہج رائے دہندگان کے لئے ووٹ بیداری پروگرام کا افتتاح کرنے کے بعد خطاب کررہے تھے۔ چندرشیکھر نے ابتداء میں بتا یا کہ ضلع کے تمام تعلقہ جات میں دو مرحلوں میں اپاہجوں کے لئے سروے کیاگیا ہے اور اس دوران کل 13680اپاہجوں کی نشاندہی کی گئی ہے جس کے بعد انہیں ووٹنگ کے لئے دعوت نامہ ارسال کیا جائے گا۔ اس سلسلے میں ہر ایک ووٹنگ بوتھ پر اپاہجوں کی سہولت کے لئے بہتر انتظامات کئے گئے ہیں۔ ہر ایک ووٹنگ بوتھ پرضلع انتظامیہ کی طرف سے وھیل چئیر اور نابینا رائے دہندگان کے لئے برائل تحریر کا انتظام کیا جائے گا۔ انہوں نےکہا کہ ضلع میں 1500نابینا ووٹر س ہیں جو اس بار کے انتخابات میں حصہ لے سکیں گے۔
آفیسر نے بتایا کہ ضلع کے تمام اپاہج ووٹرس میں بیداری پیدا کرنے کے لئے انہیں وائس مسیج بھیجاجائے گا۔ ووٹنگ کے دن ان کی مدد کے لئے بوتھ پر خصوصی اہلکاروں کو نامز د کیا جائےگا، انہوں نے کہا کہ جمہوری نظام کے استحکام کے لئے ہرایک کا ووٹ ضروری ہے، ہر ایک ووٹ کا انمول بھی ہے ، کوئی بھی اپنی رائے دہی سے محروم نہ ہونے پائے اسی لئے ضلع انتظامیہ سہولیات فراہم کررہی ہے، آخر میں انہوں نے ہرایک سےاپیل کی کہ ووٹ آپ کا حق ہے اس کو ضرور استعمال کریں۔ اس موقع پر تعلقہ سطح پر منعقدہ مختلف مقابلہ جات میں جیت حاصل کرنےو الوں کے درمیان انعامات تقسیم کئے گئے ۔
پروگرام سے پہلے ’’تما م کے ساتھ رائے دہی ‘‘کے موضوع پر ووٹ بیداری ریلی کو ضلع ڈپٹی کمشنر ایس ایس نکول نے ہری جھنڈی دکھائی۔ ریلی ڈی سی دفتر سے نکل کر پکلے روڈ، سبھاش سرکل سے ہوتے ہوئے ضلع رنگ مندر پہنچ کر جلسہ میں منتقل ہوئی ۔ ریلی میں اپاہج رائے دہندگان ، سرپرست، والدین ، اداروں اورتنظیموں کے عہدیداران ، مختلف محکمہ جات کے افسران اور عملہ شریک تھا۔