بھٹکل:19/اپریل (ایس او نیوز)گذشتہ کئی سالوں سے ہم لوگ کانگریس کے وفادار سپاہی کی طرف پارٹی استحکام میں جٹے ہوئے ہیں مگر حالیہ دنوں میں ہمیں نظر انداز کیا جارہا ہے، اس بات کا الزام تعلقہ پنچایت سابق صدر ایل ایس نائک نے لگایا ہے۔
وہ یہاں جمعرات کو ایک ہوٹل میں پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے، انہوں نے کہاکہ مقامی رکن اسمبلی کانگریس میں شامل ہوکر چار سال ہوگئے ہیں لیکن ابھی تک ہمیں پارٹی کی کسی بھی میٹنگ مدعو نہیں کیا گیا۔ انہوں نے ترقیاتی کاموں کے سلسلےمیں اُن کے ساتھ رائے مشورہ نہ لینے پر اپنی سخت ناراضگی کا اظہارکیا اور کہا کہ اب تک ہم خاموش تھے کہ ہمیں نظر انداز کیا جارہا ہے، مگر اب وقت آگیا ہے کہ ہم اپنی زبان کھولیں تاکہ ہائی کمان تک ہماری آواز پہنچے۔ انہوں نے آگے کہا کہ ہم نے کبھی ذات پات کی تفریق نہیں کی تمام کے ساتھ مل جل کر چلتے رہے ہیں، اب بھی یہی منشاء ہے کہ ہم متحد ہوکر آگے بڑھیں۔ اس موقع پر ستیش نائک منکولی اور ایرپا نائک موجود تھے۔
ایرپانائک کا یوٹرن: ایل ایس نائک کی پریس کانفرنس میں موجود ایرپا نائک ،پریس کانفرنس کے تھوڑی ہی دیر بعدتحریری پریس ریلیز جاری کرتے ہوئے یوٹرن لیا اور کہا کہ مجھے پتہ نہیں تھا کہ پریس کانفرنس میں رکن اسمبلی کے خلاف بات کی جائے گی۔ ان کا کہنا ہے کہ ہمیں صرف ایل ایس نائک نے ایک میٹنگ ہونے کی بات کہتے ہوئے بلایا تھا، مگر جس طرح ایل ایس نائک نے رکن اسمبلی کے متعلق باتیں کہی ہیں ان سے میں متفق نہیں ہوں، انہوں نے یہ بات کہتے ہوئے پریس کانفرنس سے پلہ جھاڑا کہ میں آئندہ الیکشن میں مقامی رکن اسمبلی منکال وئیدیا کی حمایت کررہاہوں ۔