ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بنگلورو میں اسٹریٹ لائٹس ٹھیکہ داروں کو فوری بل ادائیگی کا مطالبہ

بنگلورو میں اسٹریٹ لائٹس ٹھیکہ داروں کو فوری بل ادائیگی کا مطالبہ

Sat, 23 Jun 2018 11:02:57    S.O. News Service

بنگلورو،23؍ جون (ایس او نیوز)  بنگلورو میں بجلی کی دیکھ بھال کے کنٹراکٹروں کی جانب سے جاری احتجاج کا معاملہ بروہت بنگلور مہانگر پالیکے( بی بی ایم پی ) کونسل اجلاس میں زور پکڑا اور 30کروڑ روپئے کا بقایا ادا نہ کئے جانے کو لے کر حکمران اور اپوزیشن جماعت کے اراکین نے شدید ناراضی کا اظہار کیا۔ اجلاس کے دوران مےئر سمپت راج نے اس مسئلہ کوپیش کرتے ہوئے رقم جاری نہ کرنے والے افسروں کوآڑے ہاتھوں لیا۔ گزشتہ کونسل اجلاس کے دوران ہی کنٹراکٹروں کی بقیہ رقم جاری کرنے کا حکم دئے جانے کے باوجود ابھی تک رقم ادا نہ کرنے پر افسروں پر ناراضی ظاہر کی۔ افسروں کو تاکید کی کہ وہ اس طرح کی لاپروائی کو آئندہ ہرگز برداشت نہیں کریں گے۔لاپروائی اور بے توجہی کرنے والے افسران کی نشاندہی کرکے ان کے خلاف سخت قانونی کارروائی کرنے کی وارننگ دی۔ اپوزیشن لیڈر پدمانابھ ریڈی نے کنٹراکٹروں کی بقیہ بلوں کی رقم فوری ادا کرنے کی مانگ کو لے کر احتجاج کیا۔ کنٹراکٹروں کی بلوں کو ادا نہ کرنے کی روایت کو برقرار نہ رکھیں بلکہ انہیں فوری رقم ادا کرنے کے لئے درکار اقدامات کئے جائیں ۔ رولنگ پارٹی کے لیڈر ایم شیوراج نے بھی تائید کرتے ہوئے دھرنا دیا اور کہا کہ باقی بلوں کی رقم ادا نہ کرنے کی روایت کوفوری ختم کرنا چاہئے ۔ یہ سلسلہ جاری رہا تو حالات کافی ابتر ہوسکتے ہیں۔ رکن اسمبلی گوپالیا نے بجلی کی دیکھ بھال اور اسٹریٹ لائٹس کے ذمہ دار کنٹراکٹروں کو فوری بقیہ بلوں کی رقم ادا کرنے کی مانگ کی۔بی جے پی کارپوریٹر کٹہ ستیا نارائن نے کہا کہ شہر کی سڑکو ں پر اسٹریٹ لائٹس نہ جلنے سے شہریوں کو کافی پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔بالخصوص عمر رسیدہ افراد کو سڑکوں پر سے گزرنا دشوار ہوچکا ہے ۔30کروڑ روپئے کی منظوری کے باوجود رقم ادا نہ کرنا بہت ہی شرم کی بات ہے ۔ مےئر سمپت راج نے افسرو ں کو حکم دیا کہ وہ کنٹراکٹروں کی بقیہ بلوں کو فوری ادا کریں اور فوری بجلی کی دیکھ بھال کررہے کنٹراکٹروں کو طلب کرکے ان کے ساتھ اجلاس کرکے مسئلہ کو حل کرنے کی ہدایت دی۔ اپنے عہدے کاجائزہ لینے کے بعد پہلی بار کونسل اجلاس میں شریک مہیشور راؤ نے کرسی پربیٹھ کر ہی اجلاس میں اپنا تعارف کروانا چاہا تو شیوراج اپوزیشن لیڈر پدمانابھ ریڈی ،سینئر کانگریس کارپوریٹر گنا شیکھر سمیت دیگر سینئر کارپوریٹروں نے کمشنر کو اصولوں کا سبق سکھایا۔ ریڈی نے کہا کہ یہ کوئی ودھان سودھا نہیں ہے ۔ وزیراعلی اور نائب وزیراعلیٰ سمیت دیگر لیڈروں کے سامنے بیٹھ کر بات کرسکتے ہیں لیکن شہر کے پہلے باشندہ کہلانے والی اہم شخصیت مےئر کے سامنے کھڑا ہو کرہی بات کرنی چاہئے ۔ ریڈی نے کہا کہ حکومت نے بی بی ایم پی بجٹ کو منظوری دے دی ہے ۔ اخراجات اور آمدنی کو مدنظر رکھتے ہوئے تعمیری منصوبوں کو تیار کیا جائے گا۔ مےئر سمپت نے بتایا کہ 27جون کوشہر کے پیالیس گراؤنڈ میں کیمپے گوڈا جینتی تقریبات کا اہتمام کیا جارہا ہے جس میں وزیراعلیٰ ایچ ڈی کمارسوامی، وزیر برائے آبی وسائل ڈی کے شیوکمار شرکت کررہے ہیں ۔تمام کارپوریٹرس اپنے اپنے وارڈ کے عوام کوشریک کرنے کی کوشش کریں گے ۔ ماہ اپریل میں ہونے والی کیمپے گوڈا جینتی تقریب اسمبلی انتخابات کے پیش نظر ملتوی کرتے ہوئے 27جون کو منعقد کی جارہی ہے۔


Share: